قاہرہ(شِنہوا)سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جاری تنازعہ کے حل پر بات چیت کے لیے سوڈان کے پڑوسی ممالک کا سربراہ اجلاس جمعرات کوقاہرہ میں شروع ہوا۔
مصری ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ سربراہ اجلاس کے شرکاء کا مقصد تنازعہ کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے دیگر علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کے ساتھ ہم آہنگی کی غر ض سے موثر طریقہ کار وضح کرنا ہے۔
اجلاس کی میزبانی مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کی جس میں چاڈ، وسطی افریقی جمہوریہ، اریٹیریا، ایتھوپیا، لیبیا اور جنوبی سوڈان کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصری صدر سیسی نے کہا کہ سوڈان میں تنازعہ اس کے اداروں کے بگاڑ کا باعث بنا ہے اوراس تنازعے کے انسانی صورتحال پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
مصری صدر نے متحارب فریقوں سے کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سوڈانی عوام کو انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محفوظ راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا۔