ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی ویغور خودمختار خطے سنکیانگ کی ایک سرحدی بندرگاہ ہورگوس پورٹ نے 2023ء میں آنیوالے اولین سیاحوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسافروں کی کسٹم کلیئرنس دوبارہ شروع کر دی ہے۔
کرغزستان، تاجکستان اور منگولیا کی سرحدوں سے متصل علاقے کی شاہراہوں پر بالترتیب واقع 3 دیگر بندرگاہوں ارکشتم ، کاراسو اور تاکیکسکن میں بھی کسٹم کلیئرنس 8 جنوری سے دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔
قازقستان سے تعلق رکھنے والے بالیک ژانوژاکوف نے قازقستان سے ملحقہ سرحدی بندرگاہ ہورگوس پہنچنے کے بعد بتایا کہ کسٹم کلیئرنس کے دوبارہ شروع ہونے کے بعد بین الاقوامی انٹرموڈل بس کے ذریعے چین جانا آسان ہو گیا ہے۔
بالیک ژانوژاکوف کو عالمی وباء کے باعث اپنے چینی شراکت داروں کے ساتھ آن لائن کاروبار کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے اپنے کاروبار میں اضافے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں آمنے سامنے بات کرنے کا موقع دستیاب ہے۔
بندرگاہوں پر مسافروں کیلئے آسان کسٹم کلیئرنس کے طریقہ کار کو یقینی بنانے کیلئے سنکیانگ کے کسٹم محکموں نے ہر بندرگاہ کی خصوصیات کی بنیاد پر انفرادی منصوبے تشکیل دیے ہیں۔ سرحدی معائنہ کرنے والے حکام نے باہر نکلنے اور داخلے کی پالیسیوں کی تشہیر میں بھی اضافہ کیا ہے اور بندرگاہوں پر رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔