کینبرا(شِنہوا) دنیاکے سمندروں کی تہہ میں ایک اندازے کے مطابق 1کروڑ 10 لاکھ ٹن تک پلاسٹک کی آلودگی جمع ہوچکی ہے۔ جمعہ کو شائع ہونے والی دنیا کی یہ پہلی تحقیق آسٹریلیا کی قومی سائنس ایجنسی، کامن ویلتھ سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن (سی ایس آئی آر او) اور کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی ہے جس میں ٹیم نے سمندر کے فرش پر پلاسٹک کی مقداراور تقسیم کا اندازہ لگانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی ماڈلز کا استعمال کیا۔ سی ایس آئی آر او کے سینئرمحقق ڈینس ہارڈیسٹی نے کہا کہ یہ دنیا کا پہلا تخمینہ ہے کہ سمندر کی تہہ پر کتنا پلاسٹک پہنچ چکا ہے اور یہ کہاں جمع ہوتا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہر سال لاکھوں ٹن پلاسٹک کا فضلہ سمندروں میں داخل ہوتا ہے لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم تھا کہ اس آلودگی کا کتنا حصہ ہمارے سمندر کے فرش پر پہنچتا ہے۔