اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان سے متعلق دو قراردادیں متفقہ طور پر منظور کیں جن میں سے ایک کے تحت ملک میں اقوام متحدہ کے خصوصی سیاسی مشن کے اختیارات کی مدت کو ایک سال کے لیے بڑھا دیا گیا۔
قرارداد 2678 میں افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن (یوناما) کے دائرہ اختیار کی مدت کو 17 مارچ 2024 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قرارداد میں مشن کی مسلسل موجودگی کی اہمیت پر زوردیا گیا ہے اورمتعلقہ حکام اور بین الاقوامی اداروں سمیت تمام متعلقہ افغان سیاست دانوں اورشراکت داروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یوناما کے ساتھ اس کے اختیارات کے نفاذ میں تعاون کرنے اور ملک بھر میں اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ اہلکاروں کی حفاظت، سلامتی اور نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنائیں۔
دوسری قرارداد 2679 میں افغانستان کے چیلنجوں سے نمٹنے کی کوششوں کے لیے سفارشات کے آزادانہ جائزے کی درخواست کی گئی ہے۔
قرارداد کی شرائط کے مطابق 15 رکنی کونسل سیکرٹری جنرل سے درخواست کرتی ہے کہ وہ تمام متعلقہ افغان سیاست دانوں،متعلقہ حکام، افغان خواتین اور سول سوسائٹی کے علاوہ خطے اوراس سے باہر بین الاقوامی برادری کے ساتھ مشاورت سے 17 نومبر کے بعدکے حالات کے بارے میں ایک مربوط اور آزادانہ جائزے کا انعقاد کرے۔