اسلام آباد (شِنہوا) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) چین کے ساتھ پاکستان کی ہر قسم کے حالات میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی ایک علامت ہے جو پاکستان کی پرامن ترقی اور معاشی خوشحالی کی بنیاد ہے۔
پائیدار ترقیاتی اہداف سے متعلق قومی پارلیمانی ٹاسک فورس کی کنوینر رومینہ خورشید عالم نے شِنہوا کو بتایا کہ سی پیک پاک چین دیرینہ دوستی کی عکاسی کرتا ہے جو مزید گہری ہوتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات سی پیک کی وجہ سے مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں ۔ سی پیک کے درست سمت میں آگے بڑھنے سے پاکستان میں خوشحالی آئے گی اور پرامن مستقبل ہوگا۔
رومینہ نے کہا کہ سی پیک نے گزشتہ کئی برس میں غیر معمولی سنگ میل عبور کئے ہیں جبکہ اس منصوبے کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبے پاکستانی عوام کے لئے سماجی و اقتصادی فائدے لارہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوا ہے جس نے چین اور پاکستان کے درمیان امن، ترقی اور باہمی تعاون کی مضبوط بنیاد قائم کی ہے۔
پاشا نے شِںہوا کو بتایاکہ "سی پیک نے ملک بھر میں بجلی کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد، جدید سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، اور گہرے سمندر میں گوادر بندرگاہ کو فعال کرکے گوادر اور سی پیک کی شاہراہوں کے ساتھ کاروبار کے مواقع پیدا کئے ہیں۔ اس نے پاکستان میں توانائی کا سنگین بحران ختم کرنے میں بھی مدد کی ہے۔