• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

سی پیک پاکستانی شہریوں کے روشن مستقبل کیلئے مواقع فراہم کر رہا ہےتازترین

January 02, 2023

اسلام آباد (شِنہوا) 32 سالہ شکیلہ کوثر کی زندگی نے گزشتہ برس اس وقت ایک نیا موڑ لیا جب انہیں چینی دوست کی جانب سے محنت و خدمات کے اعتراف میں  اپنی کمپنی میں اسسٹنٹ منیجر کے عہدے پر ترقی کی خوش خبری دی گئی۔

2016  میں لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں بطور ریسیپشنسٹ ملازمت شروع کرنے والی شکیلہ نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک بہت بڑا دن تھا کیونکہ میں نے برسوں کی سخت محنت اور وقت کی پابندی سے یہ ترقی حاصل کی ہے۔ یہ منصوبہ چائنہ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ اور چائنہ نارتھ انڈسٹریز کمپنی لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر تعمیر کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چینی اور پاکستانی عملے نے اورنج لائن منصوبے پر ملکر کام کیا ہے۔ اس نے پاکستان کی پہلی جدید ترین الیکٹرک ٹرین متعارف کرواتے ہوئے لاہور میں عوامی ٹرانسپورٹ شعبے میں انقلاب برپا کردیا۔ اس منصوبے سے مجھے اپنے خواب پورے کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔

اسسٹنٹ منیجر نے شِنہوا کو بتایا کہ اگر صلاحیت کو نکھارا جائے اور حوصلہ افزائی کی جائے تو یہ حیرت انگیز کام ہو سکتا ہے۔ اب میری ساتھی اور دیگر خواتین مجھے ایک مثالی شخصیت کے طور پر دیکھتی ہیں، اور میں اس کے لئے اپنے چینی دوستوں کو سراہتی ہوں جنہوں نے میرے کیریئر کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کیا۔

 انہوں نے بہترین ملازم کا برائٹ گولڈن ایوارڈ بھی حاصل کیا ہے۔

شکیلہ ان 34 مقامی ملازمین میں سے ایک تھیں جنہیں ان کی کمپنیوں نے سال 2022 کے دوران پاکستان بھر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مختلف منصوبوں میں شاندار کارکردگی پر ایوارڈ دینے کی سفارش کی تھی۔

چینی سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے سی پیک کے نمایاں مقامی ملازمین بشمول انجینئرز، منیجرز، محققین اور معاون عملے کو ایوارڈز دیئے۔

شِنہوا کے ساتھ گفتگو میں ایوارڈ یافتہ ملازمین نے کہا کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے کافی مواقع دیئے گئے۔

چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایس سی ای سی) کے منیجر عمر فاروق دیال نے 2009 میں کمپنی میں شمولیت کے بعد پاکستان میں متعدد منصوبوں پر کام کیا ہے لیکن ان کی خاص بات 392 کلومیٹر طویل سکھر۔ ملتان موٹر وے کی تعمیر میں حصہ لینا ہے جو سی پیک منصوبے کے تحت نقل و حمل کا سب سے بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ میرے کام کو نئی شکل دے رہا ہے۔ میری سخت محنت نے اچھے نتائج دکھائے ہیں اور ان کی  کمپنی نے انہیں دوسرے ممالک میں تعمیراتی مقامات پر کام کے مواقع فراہم کئے ہیں۔

مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے ملازمین نے شِنہوا کو بتایا کہ مراعاتی میکانزم انہیں مزید محنت کرنے اور سی پیک میں اپنا مناسب کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔