اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان کے نگران وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) امن، ترقی اور باہمی تعاون کے اصولوں پر مبنی پاکستان کی اقتصادی ترقی کی سمت ایک سفر ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے "سی پیک اور میری زندگی" کے موضوع پر تقریب سے خطاب میں کہا کہ سی پیک پاکستان میں گیم چینجر منصوبے کے طور پر شروع کیا گیا تھا اور اس نے ملک میں لاکھوں افراد کی زندگیاں بدل دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "بہتر سڑک، ریل اور فضائی نقل و حمل کے نظام سے جغرافیائی رابطے بڑھیں گے جو عوام سے عوام کے ما بین رابطوں میں اضافہ کا سبب بنیں گے"۔
وزیر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ منصوبوں سمیت سی پیک کے مختلف منصوبوں سے بے پناہ فوائد سمیٹے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ پاکستان کان کنی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں زیادہ سے زیادہ دو طرفہ تعاون کا خواہش مند ہے ۔
سی پیک سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ پورے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
تقریب سے خطاب میں پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زیا ڈونگ نے کہا کہ 10 برس کی تعمیر کے بعد سی پیک چین اور پاکستان کے درمیان سدا بہار دوستی کا واضح ترجمان بن چکا ہے اور اس نے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک چین ۔ پاکستان قریبی معاشرے کی تعمیر میں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ "اس سے بھی زیادہ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ سی پیک کی تعمیر کے ابتدائی نتائج نے مقامی لوگوں کو واضح اور ٹھوس فوائد مہیا کئے ہیں۔
سی پیک کے تحت بنیادی ڈھانچے میں تعاون بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے گوادر بندرگاہ اور قراقرم ہائی وے کو اس کا بامعنی نتائج قرار دیا جس سے باہمی رابطے بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔