• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 30th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

شنگھائی کی غیر ملکی تجارت میں 5.3 فیصد اضافہتازترین

November 23, 2022

شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی کی غیر ملکی تجارت کا حجم رواں سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران  گزشتہ سال کی نسبت 5.3 فیصد بڑھ کر 34کھرب  60 ارب یوآن (تقریباً 483 ارب  امریکی ڈالرز) تک پہنچ گیا ہے۔

شنگھائی کسٹمز نے  منگل کے روز بتایا کہ  مجموعی طور پر شنگھائی کی برآمدات 12.5 فیصد اضافے کے ساتھ 14 کھرب 10 ارب یوآن تک پہنچ گئی جبکہ  جنوری سے اکتوبر تک  کے عرصہ  کے دوران  اس کی درآمدات 0.9 فیصد بڑھ کر  20کھرب 50 ارب یوآن تک پہنچ گئی ہیں۔ اس عرصہ کے دوران بلدیہ کا تجارتی حجم چین کی مجموعی تجارت کا تقریباً 10 فیصد تھا۔

شنگھائی کے غیر ملکی مالی تعاون سے چلنے والے اداروں نے اس کی غیر ملکی تجارت کی  قدر میں 61.2 فیصد حصہ ڈالاہے۔ دوسری جانب  اس کے نجی شعبے کی درآمدات اور برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 13.6 فیصد اضافہ ہوا جو کہ شہر کی غیر ملکی تجارت کی ترقی کا ایک اہم محرک بن گیا۔

اس عرصہ کے دوران شنگھائی کی بیلٹ اینڈ روڈ کے ساتھ واقع ملکوں کو کی گئی درآمدات اور برآمدات تقریباً 783 ارب یوآن تک پہنچ گئی جو کہ 6.8 فیصد زیادہ ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی ایسوسی ایشن ( آسیان) کے ساتھ تجارت 6.6 فیصد بڑھ کر تقریباً 467 ارب یوآن تک پہنچ گئی۔

واضح  رہے کہ اس کی نئی توانائی مصنوعات کی برآمدات نے پہلے 10 مہینوں کے دوران مستحکم  ترقی کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔ لیتھیم آئن بیٹریوں، بجلی سے چلنے والی گاڑیوں اور سولر سیلز کی برآمدات بالترتیب تقریباً 20 ارب  یوآن، 65 ارب  یوآن اور 7 ارب  یوآن رہی  جو کہ گزشتہ  سال کی اسی مدت  کے مقابلے میں  4.6 گنا، 1.2 گنا اور 53 فیصد زیادہ ہیں۔