بیجنگ(شِنہوا)چین نے امید ظاہر کی ہے کہ میانمار میں متعلقہ فریق شمالی میانمار کی صورتحال میں بہتری لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یہ بات روزمرہ کی پریس بریفنگ میں میانمار میں چین کے سفارت خانے کی طرف سے لاؤکائینگ میں موجود تمام چینی شہریوں کو جلد انخلا کی ہدایت کے بعد مزید معلومات فراہم کرنے کے سوال پر کہی۔
ماؤ نے کہا کہ میانمار میں کوکانگ کے خود مختار انتظامی علاقے میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال سنگین اور پیچیدہ ہے اور ہم چینی شہریوں کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ شمالی میانمار کا سفر نہ کریں اور اس علاقے میں خاص طور پر لاؤکانگ ٹاؤن شپ میں پہلے سے موجود چینی شہریوں کو چاہیئے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوں یا جلد از جلد چین واپس لوٹیں۔
ماؤ نے کہا کہ چین اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنگ بندی اور امن مذاکرات کی رفتار کو برقرار رکھنا میانمار کے متعلقہ فریقوں کے مفاد میں ہے اور چین-میانمار سرحدی علاقے میں امن و سکون کو یقینی بنانے میں مدد کرتا ہے۔
ماؤ نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ میانمار میں متعلقہ فریق زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے سمیت کشیدہ صورتحال کو فعال طور پر کم کریں گے، مل کر شمالی میانمار کی صورتحال کو بہتر کریں گے اور میانمار میں چینی منصوبوں اور اہلکاروں کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گے۔