عمان(شِنہوا)اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے خطے میں جنگ روکنے کیلئے کشیدگی ختم کرنے اور جامع امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
شاہی ہاشمیٹ کورٹ کے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر جو بائڈن کیساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں تباہی کے خاتمے کیلئے ایک فوری اور مستقل جنگ بندی کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور تنازعے کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے کشیدگی کے تما م اقدامات ختم کرنے اور مشترکہ معیارات کے مطابق بین الاقوامی قانون کے احترام اور اس پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے انتہا پسند آبادکاروں کے فلسطینیوں کیخلاف تشدد،امن کے امکانات کو نقصان پہنچانے والے اسرائیلی ا قدامات اور یروشلم میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو نشانہ بنانے کے متعلق بھی خبردار کیا۔انہوں نے متنبہ کیاکہ ایسے اقدامات علاقائی تشدد کو بڑھا سکتےہیں۔
اردن کے رہنما نے غزہ میں جنگ روکنے، فوری اور مستقل جنگ بندی تک پہنچنے کے ساتھ ساتھ دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور جامع امن کے لئے سیاسی افق پیدا کرنے میں امریکہ کے اہم کردار پر زور دیا۔
بیان کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر شاہ عبداللہ دوئم کا شکریہ ادا کیا اور اردن کے لیے امریکہ کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔