تہران(شِنہوا) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ تہران سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ایرانی ایوان صدر کی ویب سائٹ کے مطابق ابراہیم رئیسی نے بدھ کے روز بیان میں یہ بھی کہا کہ عراق میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں طے پانے والے معاہدوں کی بنیاد پر مصالحتی عمل کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
ایرانی صدر مملکت نےان خیالات کا اظہار نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77 ویں اجلاس کے موقع پر عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ابراہیم رئیسی نے عراق کی خیر سگالی اور ایران ، سعودی عرب سمیت خطے کے ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تہران اپنے علاقائی تعلقات میں ہمیشہ مسلم دنیا کے مفادات کو مدنظر رکھتا ہے۔
عراقی وزیراعظم نے ایرانی حکومت کی خیر سگالی اور اپنے ملک کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔
عراق نے اب تک دونوں فریقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے سعودی عرب ، ایران مذاکرات کے کئی ادوار میں ثالث کا کردار ادا کیا ہے۔