تہران(شِنہوا)ایران کی شہری ہوابازی کی تنظیم (سی اے او) کو سعودی عرب کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان تین باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کی تجویز موصول ہوئی ہے۔
ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ و شہری ترقی مہرداد بازرپاش نے وزارت کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے انٹرویو میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے پختہ عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی بنیاد پر ایران اور سعودی عرب نے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) کی تجویز میں حج پروازوں کے علاوہ فی ہفتہ تین براہ راست پروازیں شروع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
بازرپاش نے کہا کہ ایرانی حکام جلد از جلد دونوں فریقوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔