ماسکو (شِنہوا) روس کے شہر ازیوسک کے ایک سکول میں پیر کو ہونیوالی فائرنگ کے نتیجے میں 7 بچوں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
تاس نیوز ایجنسی نے روسی تحقیقاتی کمیٹی کے حوالے سے پیر کے روز بتایا کہ روس کی مغربی جمہوریہ ادمرت کے دارالحکومت ایزیوسک میں شہری انتظامیہ کے دفتر کے قریب واقع سکول نمبر 88 پر حملے میں 14 بچے اور 7 بالغ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ حملے میں 9 افراد ہلاک اور 20زخمی ہوئے ہیں۔
کمیٹی نے بتایا کہ فائرنگ کرنیوالے شخص نے خودکشی کر لی ہے اور اس کی لاش تلاش کر لی گئی ہے ، مزید بتایا کہ حملہ آور نے نازی نشانات والی ایک سیاہ ٹی شرٹ اور چہرہ ڈھانپنے والی ایک ٹوپی پہن رکھی تھی اس کے پاس کوئی دستاویزات نہیں تھیں اور اس کی شناخت کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔
سکول میں 982 طالبعلم اور 80 اساتذہ موجود تھے جنہیں وہاں سے نکال لیا گیا ہے۔
جمہوریہ ادمرت کے گورنر نے پیر سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔