• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

روس کیساتھ تعلقات کا فروغ خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے،ایرانی صدرتازترین

August 07, 2024

تہران(شِنہوا) ایرانی صدر مسعود پز شکیان نے کہا ہے کہ روس کیساتھ تعلقات کو وسعت دینا ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے دارالحکومت تہران میں روس کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سرگئی شوئیگو کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا  ، جس کے دوران انہوں نے  روس کو ایران کا سٹرٹیجک شراکت دار  قرار دیا۔

پز شکیان نے کہا کہ روس ان ممالک میں شامل ہے جو مشکل وقت میں ایران کیساتھ کھڑے ہوئے ،انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اس سے قبل ہونیوالے دوطرفہ معاہدوں پر عملدرآمد   تیز کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ  ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں  دنیا میں امریکہ سمیت مخصوص طاقتوں کے یکطرفہ تسلط کا دور ختم ہو چکا ہے اور کثیر الجہتی دنیا کے فروغ کے لیے ایران اور روس کے درمیان صف بندی اور تعاون  سے عالمی امن اور سلامتی کی بہتری میں یقیناََمدد ملے گی۔ انہوں نے تہران اور ماسکو کے درمیان علاقائی اور بین الاقومی تعاون کی اہمیت  کو اجاگر کیا۔

ایرانی صدر نے غزہ میں اسرائیل کے  ہولناک جرائم  اور خطے میں  جنگی جنون  کے مقصد سے اس کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مظلوم اور بے سہارا لوگوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات اور ایران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کا قتل تمام بین الاقوامی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی کھلی مثالیں ہیں۔

بات چیت کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے کسی بھی طرح مغربی ایشیا کے خطے میں تنازعے اور بحران کا دائرہ وسیع کرنے کی کوشش نہیں کی، لیکن اسرائیل کو اس کے  جرم اور گھناؤنے اقدام کا جواب ضرور ملے گا۔

اس موقع پر شوئیگو نے ایران کو خطے میں روس کے کلیدی اورسٹرٹیجک اتحادیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کثیر الجہتی دنیا کی تشکیل اور علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔  

  انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان روابط کے فروغ کے لئے  سازگار  مستقبل کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

شوئیگو نے ایران کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس ایران کے ساتھ بین الاقوامی شمالی جنوبی ٹرانسپورٹ راہداری  سمیت مشترکہ منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے  کیلئے تیار ہے،انہوں نے  کہا کہ روس شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس سمیت بین الاقوامی تنظیموں میں ایران کے ساتھ اپنے تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تعاون کو وسعت دینے کیلئے کوشاں رہے گا۔