ماسکو(شِنہوا) روس نے کہاہے کہ وہ آرمینیا کی جانب سے اجتماعی سلامتی کے معاہدے کی تنظیم (سی ایس ٹی او) میں شمولیت معطل کرنےکے بیان کے حوالے سے آرمینیا سے رابطہ کرے گا۔
اس سے قبل آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشینیان نے کہا کہ آرمینیا نے سی ایس ٹی او میں اپنی شمولیت کو منجمد کر دیا ہے کیونکہ یہ معاہدہ اپنے مقاصد کو پورا کرنے میں ناکام رہاہے۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعہ کو کہا کہ آرمینیا نے اس سلسلے میں کوئی سرکاری اقدام نہیں اٹھایا اور یہ کہ روس اس بیان کی وضاحت کے لیے آرمینیا سے رابطہ کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ تفصیلات کو سمجھنا بہت ضروری ہے، اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے آرمینیائی دوست ہمیں ہر چیز سے متعلق وضاحت پیش کریں گے۔