بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے کام کرنے کو تیار ہیں تاکہ ہمہ جہت عملی تعاون کو وسعت دی جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بھیجے گئے تہنیتی پیغام میں کیا۔
صدر شی نے کہا کہ چین اور روس، دونوں دنیا کے بڑے ممالک ، اہم ابھرتی منڈیاں اور ایک دوسرے کے سب سے بڑے ہمسائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 75 برس قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے فریقین نے تاریخی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک اور دونوں عوام کے بنیادی مفادات پر مبنی دوطرفہ تعلقات کا معیار مسلسل بہتر بنایا ہے۔
روسی صدر پوتن نے صدر شی کے نام اپنے پیغام میں تعلقات کی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ تین چوتھائی صدی قبل ان کا ملک عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے والا دنیا کا پہلا ملک تھا اور جلد ہی عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ قریبی تعاون پر مبنی تعلقات قائم کئے۔
انہوں نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان قریبی اور باہمی مفید تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔