ماسکو (شِنہوا) روسی صدر ولادیمیرپوتن نے کہا ہے کہ روس۔ چین تعلقات یورپ و ایشائی خطے میں استحکام کی علامت ہیں۔
روسی صدارتی انتخابات مکمل ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں پوتن نے شِںہوا کے نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ روس۔ چین تعلقات میں گزشتہ دو عشروں کے دوران اچھی پیشرفت ہوئی ہے جو بہت مستحکم ہیں اور ایک دوسرے کے مفادات کو پورا کرتے ہیں۔
روسی صدر پوتن نے کہا کہ سب سے اہم بات ریاستی مفادات پر اتفاق ہے جو عالمی تعلقات میں مشترکہ مسائل کو حل کرنے میں ایک بہت اچھا رجحان پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین عالمی سطح پر بہت سرگرم ہے اور بڑی کامیابیاں حاصل کررہا ہے اور دنیا بھر میں ان کے بہت سے دوست ہیں۔
پوتن نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ سالوں میں باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ وقت میں ہم اپنے تعلقات کو مضبوط بنائیں گے اور چینی اور روسی عوام کے فائدے کے لئے مشترکہ کامیابیاں حاصل کریں گے۔
چینی معیشت سے متعلق پوتن نے کہا کہ چین تیزی اور بہت اعتماد سے ترقی کررہا ہے۔ اس میں سب سے اہم یہ ہے کہ چینی معیشت کا ڈھانچہ اختراع میں ڈھل رہا ہے جس سے معیشت مزید اختراع کی سمت گامزن ہے۔ ہم اپنے ملک میں بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور روس میں ہمارے بالکل ایسے ہی اہداف ہیں۔