• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ہرات کے زلزلہ متاثرین کو ادویات کی ضرورت ہے، افغان وزیرصحتتازترین

October 11, 2023

ہرات ، افغانستان (شِنہوا) افغانستان کی نگران حکومت کے قائم مقام وزیر برائے صحت عامہ قلندر عباد نے کہا ہے کہ افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے ادویات اور دیگر طبی سازوسامان کی ضرورت ہوگی۔

افغان وزیر نے صوبہ ہرات کے اسپتالوں کا دورہ کرنے کے بعد شِنہوا سے گفتگو میں کہا کہ  "اگر ہم اس مسئلہ کو طویل مدتی نگاہ جیسے ایک ماہ، دو ماہ، تین ماہ یا چھ ماہ تک دیکھیں تو ہمیں طبی سازوسامان اور ادویات کی اشد ضرورت ہے۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق ہفتے کو مغربی افغانستان کے صوبہ ہرات کے ضلع زندہ جان میں زلزلے کے 2 طاقتور جھٹکے محسوس کئے گئے تھے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 تھی جس کے بعد کئی آفٹرشاکس آئے۔ زلزلے سے کم از کم 2 ہزار 53 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔

 

افغانستان کے مغربی صوبے ہرات کے ضلع زندہ جان میں تباہ کن زلزلے میں جاں بحق افراد کی اجتماعی تدفین کی جارہی ہے۔ (شِںہوا)

وزیر نے کہا کہ 12 یا 13 گاؤں مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ زندہ بچ جانے والی افراد "شہر میں آئی ڈی پیز (اندرونی طور پر بے گھر افراد) کی زندگی بسر کررہے ہیں۔

افغان وزیر قلندرعباد نے جاں بحق افراد کی درست تعداد بتائے بغیر شِنہوا سے کہا کہ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور اسپتالوں کے تمام شعبے اور وارڈ 24 گھنٹے طبی خدمات مہیا کررہے ہیں۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ حکومت ہرات کے زلزلہ متاثرین کو طبی خدمات کے ساتھ ساتھ انسانی امداد اور پناہ گاہیں بھی مہیا کرے گی۔