سڈنی(شِنہوا)پاپوانیو گنی کی وادی مارخم میں 7.6 شدت کے زلزلے کے باعث 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
پاپوا نیو گنی کی شاہی کانسٹیبلری کی جانب سے پیر کی سہ پہر جاری ہونیوالے بیان کے مطابق کمشنر آف پولیس ڈیوڈ میننگ نے بتایا کہ گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 42 منٹ( صبح 5بجکر 42 منٹ پاکستانی وقت) پر 5.0 شدت کے دوسرے زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے جس کا مرکز اصل زلزلے سے 70 کلو میٹر شمال کی جانب سطح زمین سے 101 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
بیان کے مطابق سب سےزیادہ نقصان موروبی ، مغربی ہائی لینڈ اور مادانگ صوبوں کے اضلاع میں ہوا ہے جہاں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔
میننگ نے کہا کہ افسوس کہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے 3 کا تعلق ضلع کابوم ، 3 کا صوبہ موروبی کے قصبے واؤ اور 1 کا تعلق صوبہ مادانگ کے رائی کوسٹ سے تھا۔
کمشنرنے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور انہیں مزید تیز کیا جا رہا ہے۔