تہران(شِنہوا)ایرانی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان نے جمعرات کی صبح جنوب مشرقی ایرانی صوبے سیستان اور بلوچستان کے ایک سرحدی گاؤں پر میزائل حملہ کیا، جس میں سات غیر ملکی شہری مارے گئے۔
ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارناکے مطابق صوبائی ڈپٹی گورنربرائےسیکورٹی اینڈ لا انفورسمنٹ علی رضا مرحمتی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی شہری تین خواتین اور چار بچے شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ سراوان شہر کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 4بج کر 5منٹ پر کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پاکستان نے ایران کے سرحدی گاؤں میں سے ایک کو میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
ایک بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پاکستانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں پاکستانی ناظم الامور کو طلب کیا اور پاکستانی حکومت سے واقعے کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے حملہ منگل کو ایران کے حملے کے بعد کیا گیا جس میں صوبہ بلوچستان میں دو بچے ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوئے۔ پاکستان نے "ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی" کی مذمت کی اور ایران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیاہے۔