• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

پاکستان میں 2022ء کےدوران پولیو کا 19واں کیس رپورٹتازترین

September 16, 2022

اسلام آباد(شِنہوا)ضلع جنوبی وزیرستان میں 6 ماہ کا ایک بچہ پولیو وائرس کے باعث مفلوج ہو گیا ہے ، رواں سال پاکستان میں سامنے آنیوالے پولیو وائرس کا یہ 19واں کیس ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق قومی ادارہ صحت کی پاکستان نیشنل پولیو لیبارٹری نے گزشتہ روز تصدیق کی کہ بچے کو 22 اگست کو فالج کا حملہ ہوا تھا۔

رواں سال جنوبی وزیرستان سے سامنے آنیوالا یہ پہلا کیس  ہے۔ رواں سال پاکستان میں سامنے آنیوالے تمام کیسز صوبہ خیبرپختونخوا میں ہی پائے گئے ہیں جن میں جنوبی وزیرستان سے 1 ، لکی مروت سے 2 اور شمالی وزیرستان سے 16 کیس شامل ہیں۔

وزارت نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وباء پر قابو پانا پاکستان پولیو پروگرام کی توجہ کا مرکز بنا ہواہے۔

بیان کے مطابق وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں پیدا ہونیوالے انسانی بحران سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کیلئے سنگین چیلنجز پیدا ہوئے ہیں کیونکہ ہمیں لاکھوں افراد کی نقل مکانی کا سامنا ہے۔

بڑے پیمانے پر یہ نقل مکانی پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بنے گی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا مزیداہمیت اختیار کر جائیگا۔