• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

پاکستان کا دیگر ایس سی او ممالک کے ساتھ مشترکہ مقاصد کے لئے کام کر نے کا اعلانتازترین

April 04, 2023

اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تمام ممالک کے ساتھ مشترکہ اہداف حاصل کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی وعوامی امور، قومی ورثہ و ثقافت امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کوبہت اہمیت دیتا ہے ۔ہم  اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ یہ ہمارے مشترکہ عزائم  کا جشن منانے اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے جو ہمارے  ثقافتی ورثے پر مبنی ہے۔

ایس سی او کے رکن ممالک کے وزرائے ثقافت کے بیسویں اجلاس  سے ور چوئل خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا ہے کہ ہم ایس سی او کے رکن ممالک  کے ساتھ مشترکہ اقدامات، منصوبے اور پروگرام شروع کرنے کے لئے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ثقافت کے ہر شعبے میں تعاون رکن ممالک میں باہمی تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تعاون فنکاروں، ریسرچ اسکالرز، میوزیم ٹیکنیشنز اور منیجرز کے ساتھ ساتھ آرٹ اینڈ کرافٹ ماہرین کے تبادلے کو یقینی بنائیگا ۔

مشیر نے تقریب کے شرکا کو بتایا کہ پاکستان متعدد قدیم مقامات اور تاریخی ڈھانچوں کا مرکز ہے اور یہ آثار قدیمہ  کے عجائبات خطے کی بھر پور ثقافتی ورثے کی یاددہانی کراتے ہیں۔

انہوں نے اس یقین کا اعادہ کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات باہمی تفہیم کے فروغ، دوستی کے پُلوں کی تعمیر اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اہم ہیں۔