ونڈہواک (شِنہوا) نمیبیا کے صدر ہیگ جی گین گوب دارالحکومت ونڈہواک کے ایک اسپتال میں سرطان کے مرض کا علاج کرانے کے دوران چل بسے، ان کی عمر 82 برس تھی۔
نمیبیا کے ایوان صدرکے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں قائم مقام صدر ننگولو ممبا نے کہا کہ انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ مطلع کیا جاتا ہے کہ جمہوریہ نمیبیا کے صدر ڈاکٹر ہیج جی گین گوب لیڈی پوہمبا اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں جہاں ان کی طبی ٹیم ان کا علاج کررہی تھی۔
گین گوب 21 مارچ 2015 سے نمیبیا کے تیسرے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، وہ 2019 میں مزید 5 برس کے لئے دوبارہ منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 1990سے 2002 اور 2012سے2015 تک وزیر اعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں جبکہ اس کے علاوہ اہم وزارتوں میں کام کے دوران قائدانہ کردار ادا کیا۔
بیان کے مطابق ان کی طبی ٹیم نے اس بات کو یقینی بنانے کی پوری کوشش کی کہ صدر صحت یاب ہوجائیں تاہم ان کی تمام تر کوششوں کے باجود نمیبیا صدر گین گوب چل بسے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نمیبیا نے عوام کے ایک ممتاز خادم، جدوجہد آزادی کی نمایاں شخصیت، آئین کے معمار اور نمیبیا کے ایوان کے اہم ستون جو کھو دیا ہے۔
بیان میں نمیبیا کے باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پرسکون اور متحد رہیں، حکومت تمام ضروری ریاستی انتظامات، تیاریوں اور دیگر امور پر عمل کررہی ہے۔
اس سے قبل ہفتے کو نائب صدر مبومبا نے قوم کو آگاہ کیا تھا کہ دارالحکومت ونڈہواک کے لیڈی پوہمبا اسپتال میں سرطان کے علاج کے بعد گین گوب کی حالت نازک تاہم مستحکم ہے۔
ایوان صدر نے بتایا کہ 19 جنوری کو بائیوپسی میں صدر گین گوب میں سرطان کی تشخیص ہوئی تھی۔