لاس اینجلس(شِنہوا )امریکی خلائی ادارے ناسا کے مریخ پر موجود انجینیوٹی ہیلی کاپٹر نے دو ماہ کی مواصلاتی خاموشی کے بعد پرسیورینس روور کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم کر لیا ہے۔انجینیوٹی ہیلی کاپٹر نے 26 اپریل کو مریخ پر اپنی 52 ویں اڑان بھری تھی تاہم لینڈنگ کے لیے نیچے آتے ہوئے اس کاجنوبی کیلیفورنیا میں ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے مشن کنٹرولرزسے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔انجینیوٹی ہیلی کاپٹر کی ٹیم کورابطہ منقطع ہونے کی توقع تھی کیونکہ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ لوکیشن اور پرسیورنس روور کی پوزیشن کے درمیان ایک چٹان حائل تھی، جس نے دونوں کے درمیان مواصلاتی رابطے کو روک دیاتھا۔ روور،ہیلی کاپٹر اور جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے مشن کنٹرولرز کے درمیان ریڈیو ریلے کا کام کرتا ہے۔ ناسا کے مطابق، 28 جون کو رابطہ دوبارہ قائم ہوا جب پرسیورنس روور چٹان کے اوپر چڑھا اور انجینیوٹی ہیلی کاپٹردوبارہ اس کی نظروں کیسامنے آیا۔