• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ناورو میں چینی سفارت خانے نے دوبارہ کام شروع کردیاتازترین

January 30, 2024

یارین(شِنہوا)بحرالکاہل کے جزیرہ نما ملک ناورو میں چینی سفارت خانہ دوبارہ کھل گیا ہے جبکہ اس ضمن میں ملک کے جنوب مشرقی حصے کے ایک ہوٹل میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

ناورو کے وزیر برائے امور خارجہ و تجارت لیونل اینگیمیا اور چینی حکومت کے نمائندے اور چائنہ بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ادارے کے سربراہ لیو ژاؤ ہوئی نے چینی سفارت خانے کی تختی کی نقاب کشائی کی۔

اینگیمیا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کا فروغ ناورو کے لئے بہت خوش آئند ہے اور نورو اس حوالے سے مشترکہ کوششوں کا خواہشمند ہے ۔

ناورو میں چینی سفارت خانے کے دوبارہ قیام کی ذمہ دار ٹیم کے سربراہ وانگ شوگوانگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایک چائنہ اصول کو تسلیم کرنا دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور ترقی کی سیاسی بنیاد ہے۔

وانگ نے کہا کہ اس نئے آغاز سے دونوں ممالک سیاسی باہمی اعتماد میں پیشرفت، اپنے قومی حالات کے مطابق آزادانہ طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں ایک دوسرے کی معاونت کرتے رہیں گے اس کے علاوہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کو مدنظر رکھ کر عالمی اور علاقائی امور میں ایک دوسرے سے تعاون کرکے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

تقریب میں ناورو پارلیمنٹ کے اسپیکر مارکس اسٹیفن اور ناورو کی حکومت اور پارلیمنٹ کے دیگر ارکان کے علاوہ ایک چینی کمپنی اور مقامی چینی برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ناورو میں پیر کی صبح چینی سفارتی ٹیم نے قومی پرچم لہرانے کی تقریب منعقد کی تھی اور تقریباً 19 برس بعد یہ پہلی بار ہے کہ جزیرہ نما ملک میں پانچ ستاروں پر مشتمل سرخ چینی پرچم لہرایا گیا۔

چین اور ناورو نے بیجنگ میں  24 جنوری کو سفیر کی سطح پر سفارتی تعلقات کی بحالی  سے متعلق ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے تھے۔