منیلا(شِنہوا) ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے رکن ممالک کو پورے خطے میں معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنا ہوں گی تاکہ ایک مستحکم کمیونٹی کی تعمیر اور بحالی کی رفتار تیز ہو سکے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ خطے کی ترقی کے لیے تعلیم، ریاضی اور سائنس میں کامیابی حاصل کرنے، بہتر غذائیت اور معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوب مشرقی ایشیا ونفریڈ وِکلین نے کہا کہ جیسے ہی خطہ وبا سے نکلے گا،نظام صحت کو مضبوط کرنا، تعلیمی معیار کو بڑھانا اور غذائیت کو بہتر بنانا ہمارے نوجوان کارکنوں کو جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر مستحکم کرے گا اور ان کی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ آمدنی میں اضافے کا حصول، انتہائی غربت کی شرح میں تیزی سے کمی اور مالیاتی شمولیت اور انٹرنیٹ رسائی کی شرح میں بہتری خطے کو وبا کی وجہ سے ہونے والے ترقیاتی نقصانات پرقابو پانے میں مدد کرے گی۔