قاہرہ(شِنہوا)مصرکے صدرعبدالفتاح السیسی اور عمان کے سلطان ہیثم بن طارق السید نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ کشیدگی میں پیش رفت پر بدھ کو تبادلہ خیال کیا۔
مصری ایوان صدر کے ایک بیان کے مطابق ٹیلی فون پر گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور استحکام پر جاری کشیدگی کے سنگین اثرات اور تنازعات کے نتیجے میں انسانی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے فریقین پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تشدد کو کم کرنے پر زور دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دو ریاستی حل پر مبنی فلسطینی نصب العین کے منصفانہ، جامع اور مستقل حل تک پہنچنے کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانا چاہیے جس سے خطے کے تمام ملکوں کے لیے سلامتی اور استحکام حاصل ہوسکے۔