قاہرہ (شِنہوا) قاہرہ یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مصر کے مڈل اسکولز میں چینی زبان سکھانے کے لیے ایک پائلٹ پروگرام اور مصری اساتذہ کے لیے ایک تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
منعقدہ تقریب کے دوران مصر میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور ژانگ تاؤ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پائلٹ پروگرام میں مصر کے 12 سرکاری مڈل اسکولز کو شامل کیا جائے گا جو مصری مڈل اسکولز میں چینی زبان کی تربیت کے لیے ایک نیا نقطہ آغاز ہوگا۔
ژانگ کے مطابق ستمبر 2020 میں چین اور مصر نے مصری پرائمری اور سیکنڈری اسکولز میں چینی کو اختیاری ثانوی غیر ملکی زبان کے طور پر پڑھانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور مصر نے اسکولز کے مابین تعاون، پیشہ ورانہ تعلیم، ہنر کی مشترکہ تربیت اور سائنسی تحقیق میں تعاون میں بہت پیشرفت کی ہے۔
مصر کے تعلیم اور تکنیکی تعلیم کے نائب وزیر محمد میگاہد نے کہا ہے کہ مصر اور چین نے حالیہ برسوں کے دوران تعلیم کے شعبے میں اپنے تعاون کو مستحکم بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کی مشترکہ کوششوں کی بدولت یہ پائلٹ پروگرام منصوبہ بندی سے ایک سال قبل شروع کیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس پروگرام سے مصری شہریوں کو چین کے بارے میں مزید جاننے میں مدد ملے گی۔