قاہرہ(شِنہوا)چین کے آٹو برانڈ جیٹور آٹو نے چینی آٹومیکرز کے مشرق وسطیٰ میں اپنی توسیع کو تیز کرنے کے سلسلے میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں تین نئے ایس یو وی ماڈلز کی رونمائی کر دی ہے۔
"ٹریول ٹو گیدر" کے موضوع کے تحت جیٹور کی جانب سے عظیم الشان اہرام کے سامنے منعقدہ افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے 500 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن میں آٹو ڈیلرز، آٹو ماہرین، انٹرنیٹ انفلوئنسرز اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔
تقریب کے دوران جیٹور نے تین ایس یو وی ماڈلز ایکس 70 پلس، ایکس 90 پلس اور ڈیشنگ متعارف کرائے جن کے انتہائی جدید ڈیزائن ان کے پیچھے موجود قدیم اہرام کے بالکل برعکس ہیں۔
جیٹور آٹو کے نائب صدر کے چھوان ڈنگ نے کہا کہ 2018 میں اپنے قیام کے بعد سے جیٹور نے 40 سے زائد ممالک اور خطوں میں 400 سے زیادہ سیلز اور سروس نیٹ ورک قائم کیے ہیں۔
جیٹور کے اسسٹنٹ جنرل مینیجر اور جیٹور انٹرنیشنل مارکیٹنگ کمپنی کے جنرل منیجر چن جیاکائی نے کہا کہ جیٹور مصر میں ایس یو وی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کرے گی جس کا مقصد 2027 تک مصری آٹو مارکیٹ کا 10 فیصد حصہ حاصل کرنا ہے۔
چن نے شِنہوا کو بتایا کہ مقامی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ذریعے جیٹور مزید ملازمتیں فراہم کرنے اور مصر کی معیشت میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے پرعزم ہے۔
چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں چین کی آٹوموبائل کی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت 75.7 فیصد کا تیزی سے اضافہ ہوا جس میں 21 لاکھ 40 ہزار گاڑیاں برآمد کی گئیں۔