• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

موسمیاتی تبدیلیوں کے نمٹنے کےلئے جامع حل تلاش کیا جائے، پاکستانی ماہرینتازترین

December 29, 2023

اسلام آباد (شِنہوا) پاکستانی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کی مشکلات سے نمٹنے کے لئے جامع اور متحرک حل تیار کرنا چاہیئے۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ایک سیمینار میں ماہرین اور حکام نے زوردے کر کہا کہ عالمی برداری آنے والی نسلوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے مل کر کام کرے۔

اس موقع پر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سینئر عہدیدار محمد فاروق نے کہا کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب اور ہیٹ ویو سمیت دیگر موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والا نقصان مجموعی مقامی پیداوار (جی ڈی پی) کے 8 فیصد کے مساوی ہے اور یہ موسمیاتی بحران کی حد کو عبور کرکے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں سے ملکر ملک میں موسمیاتی آفات کی بڑھتی ہوئی شدت کو دیکھتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے بچاؤ کے لئے کام کررہی ہے اور اس ضمن میں وفاقی اور صوبائی سطح پر نگران سیل قائم کر دیئے گئے ہیں۔

فائل فوٹو، کراچی میں موسم گرما کے دوران پانی کی پائپ لائن میں رساؤ سے خارج پانی سے ایک شخص گرمی کی شدت کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ (شِنہوا)

جدید تکنیک پر مبنی بیس لائن ڈیٹا میں بہتری کے بارے میں بتاتے ہوئے فاروق نے کہا کہ ہائی ریزولوشن موسمیاتی اعداد و شمار کے لئے ملٹی ہیزرڈ ولنریبلٹی اینڈ رسک اسسمنٹ کیا جارہا ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیویلپمنٹ میں زرعی ماہر اور رہن سہن اور نقل مکانی کی سینئر ماہر امینہ مہرجان نے موسمیات کی لچک دار ترقی میں حائل خامیاں دور کرنے کے لئے مستقبل کا نقطہ نگاہ اپنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دور اندیشی، منظر نامے کے فروغ ، مؤثرحکمت عملی کی ترویج کے اعتبار سے مستقبل کی راہ کھوجنے کے طریقے موجود ہیں اور دوراندیش کو سمجھنے کے لئے پیشگوئیوں سے آگے جانا ہوگا۔

ایس ڈی پی آئی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شفقت منیر نے کہا کہ پیشگی اعتبار سے ایسے نظام کی ضرورت ہے جو آفات کا خطرہ کم کرنے، موسمیاتی تبدیلی کے پیشگی انتباہ اور دور اندیش ماڈل پر کام کرنے کے قابل ہوں۔

منیر نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ برادریوں اور افراد کی توجہ موسمیاتی تبدیلی کی حساسیت پر دلائے۔

ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ حکومت اور پالیسی سازوں کوبڑھتےماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے ایک جامع نقطہ نگاہ اپنانا چاہیئے۔