غزہ(شِنہوا)مغربی کنارے کے شہروں جنین اور قلقیلیہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کم سےکم چار فلسطینی جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے۔
رم اللہ میں قائم وزارت صحت نے ایک پریس بیان میں کہا کہ تین نوجوان شمالی مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ جبکہ ایک نوجوان قلقیلیہ شہرمیں براہِ راست فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
وزارت کے مطابق7 اکتوبر سے اسرائیل-حماس تنازعہ کے تازہ سلسلے کے آغاز کے بعد مغربی کنارے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 110 ہو گئی ہے۔
ادھر فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے اعلان کیا ہے کہ جنین اور نابلس شہروں میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 16 فلسطینی براہ راست فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنین شہر اور پناہ گزین کیمپ کے آس پاس کے علاقوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں فلسطینی عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم اور مسلح جھڑپیں شروع ہوئیں۔
فلسطینیوں کی طرف سے اسرائیلی فوجی گاڑیوں کی طرف پھینکے گئے دیسی ساختہ بموں کے پھٹنے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکوں کی آوازوں کے ساتھ شہر اور کیمپ میں شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر اچانک حملہ کرتے ہوئے ہزاروں راکٹ فائر کیے اور اسرائیلی علاقے میں دراندازی کی جس کا جواب اسرائیل نے بڑے پیمانے پر فضائی حملوں اور محدود زمینی حملوں سے دیا۔ دونوں اطراف کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تنازعہ میں غزہ میں تقریباً 7 ہزار 28 فلسطینی جاں بحق جبکہ اسرائیل میں کم سےکم 14 سوافراد ہلاک ہو چکے ہیں۔