کوالالمپور(شِنہوا)ملائیشیا کےوزیرٹرانسپورٹ انتھونی لوک سیو فوک نے کہا ہےکہ جمعرات کی سہ پہرملائیشیا کی ریاست سیلنگور میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے نتیجے میں 10 افرادجاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتھونی لوک نے کہا کہ طیارے کے چھ مسافروں اورعملے کے دو افراد میں سے کوئی زندہ نہیں بچاجبکہ دو دیگر افراد زمین پرطیارہ گرنے کے مقام پرزد میں آ کرجاں بحق ہوئے۔
طیارہ دوپہر2 بج کر 8 منٹ پر لنگ کاوی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔ ملائیشیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نےایک بیان میں کہا کہ طیارے کو سلطان عبدالعزیز شاہ ہوائی اڈے کی طرف روانہ کیا گیا تھا اور اسے دوپہر 2 بج کر 48 منٹ پر لینڈ کرنے کے لیے کلیئر نس دی گئی ۔
بیان میں کہا گیا کہ دوپہر2 بجکر 51 منٹ پرسبانگ ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور نے حادثے کی جگہ سے دھواں اٹھتے دیکھا لیکن ہوائی جہاز کی طرف سے کوئی مے ڈے کال نہیں کی گئی۔ تلاش اور بچاؤ مشن کو مربوط انداز میں انجام دینے کے لیے کوالالمپور ایروناٹیکل ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کر دیا گیا ہے۔