رم اللہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے ایک سینئر عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ مغربی کنارے میں کشیدگی میں اضافہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان خوف، نفرت اور اشتعال کی فضا کو ہوا دے گا۔
مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور وینس لینڈ نے یہ بات شِنہوا کو بھیجے گئے ایک پریس بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن اقدامات بارے راستہ کھولنے کے لیے فوری طور پر کشیدگی کو کم کرنا ضروری ہے، جس کا مقصد فریقین کے مابین ایک قابل عمل سیاسی ماحول پیدا کرنا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز مغربی کنارے کے کئی قصبوں اور دیہاتوں میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے 4 فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت نے کہا کہ جنوری کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 100 سےزائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی شہروں میں مارچ سے لے کر اب تک فلسطینیوں کے حملوں میں 18 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔
وینس لینڈ نے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں پر زوردیا کہ وہ امن بحال کریں اور مزید کشیدگی سے گریز کریں ۔