ماسکو(شِنہوا )روس کے نیو ماسکو کے علاقے میں منگل کی صبح پانچ یوکرینی ڈرونز مار گرائے گئے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ اس حملے کی وجہ سے ونوکووو ہوائی اڈہ تقریبا تین گھنٹے تعطل کا شکار رہا۔آر آئی اے نووستی کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ڈرونز ماسکو اور نیو ماسکو کے علاقے میں تنصیبات کو نشانہ بنا رہے تھیجن میں سے چار کو فضائی دفاع اور ایک کو الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے کہا کہ یہ حملہ کیف کی طرف سے روس کو غیر مستحکم کرنے اور اس کی خودمختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دیاہے۔