لندن(شِنہوا) برطانیہ کی سیکرٹری خارجہ لز ٹرس نے حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کا مقابلہ جیت لیا ہے جس کے بعد وہ بورس جانسن کی جگہ ملک کی نئی وزیر اعظم ہوں گی۔پارٹی کے بیک بینچ 1922 کمیٹی کے سربراہ گراہم بریڈی کے پیر کو کیے گئے اعلان کے مطابق رن آف میں، ٹرس نے کنزرویٹو پارٹی کے اراکین کے تقریباً 57.4 فیصد ووٹ حاصل کر کے اپنے حریف رشی سنک کو شکست دی۔
کنزرویٹو پارٹی کے 2لاکھ ارکان کی ووٹنگ اگست کے اوائل میں شروع ہوئی تھی، جب جانسن کو ایک اسکینڈل میں اپنے وزرا کے استعفوں کے بعد مستعفی ہونے پر مجبور کیا گیا تھا۔
وزارت عظمی کے عہدہ کی باضابطہ حوالگی منگل کو ٹرس اور جانسن کی ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات کے بعد ہوگی، جو اس وقت اسکاٹ لینڈ میں اپنی بالمورل اسٹیٹ میں مقیم ہیں۔ توقع ہے کہ ٹرس اور جانسن 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر خطاب کریں گے۔