یروشلم(شِنہوا) اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائی میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر سمیت چار اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کے بعد لبنان سے شمالی اسرائیل پربدھ کی صبح تقریباً 160 راکٹ داغے گئے۔
گزشتہ سال 7 اکتوبرکو اسرائیل اور حماس کےدمیان تنازعہ کے آغاز کے بعد سے لبنان سے عسکریت پسندوں کا اسرائیل پر یہ سب سے بڑا راکٹ حملہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق علی الصبح لبنان سے داغے گئے تقریباً 90 راکٹوں کی نشاندہی کی گئی۔نیشنل فائراینڈ ریسکیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ راکٹوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں آگ لگ گئی۔
پہلے حملے کے بعد تقریباً 70 راکٹ مغربی گلیلی اوربالائی گلیلی کے علاقے میں ماؤنٹ میرون کی جانب فائرکئے گئے،جہاں اہم فضائی دفاعی کنٹرول یونٹ واقع ہے۔
فوج نے کہاکہ متعدد راکٹوں کو فضا میں روک لیا گیا،ان میں سے زیادہ تر کھلے علاقوں اور کئی شمالی اسرائیل میں کئی مقامات پر گرے،ابھی تک اسرائیل کی جانب سے کسی کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔