بیروت(شِنہوا)فلسطینی تحریک الفتح کے ارکان اور اسلام پسند عسکریت پسندوں کے درمیان جنوبی لبنان میں مسلح تصادم میں پیر کے روز شدت آگئی جس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی جبکہ کل 37 زخمی ہو ئے ہیں۔
النشرہ نیوز ویب سائٹ کے مطابق لبنان کے جنوبی شہرصیدا میں واقع عین الحلوہ کیمپ میں اتوار کی صبح سے ہی الفتح کے ارکان اور اسلامی عسکریت پسندوں کے درمیان متعدد مسلح جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں الفتح کے ایک فوجی افسر ابو اشرف العروشی اور ان کے تین محافظوں سمیت عام شہری ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد شہری زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلح جھڑپوں نے شہریوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے پر بھی مجبور کیا۔
رپورٹ کے مطابق لبنان میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے دھڑوں کے سیکرٹری فتحی ابو الاردات نے پیر کے روز لبنان میں فلسطینی سفیر اور لبنان-فلسطینی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ سے تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ابوالاردات نے اس خطرناک اور مشکل صورتحال پر قابو پانے اور فلسطینی کیمپوں میں سلامتی اور استحکام قائم کرنے کے لیے لبنان میں فلسطینی رہنماؤں کی جانب سے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔