• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے بھرپور حامی ہیں، چینتازترین

September 24, 2024

اقوام متحدہ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ لبنان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے چین اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے یہ بات نیویارک میں لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بو حبیب سے ملاقات کے دوران کہی جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کے ساتھ دیرینہ روایتی دوستی ہے۔ چین خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت خاص کر لبنان بھر میں مواصلاتی آلات میں حالیہ دھماکوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ شہریوں پر اندھا دھند حملوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

وانگ نے کہا کہ طاقت سے حق نہیں چھینا جاسکتا اور تشدد کا جواب تشدد سے دینے سے مشرق وسطیٰ کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ چین ایسے کسی بھی اقدام کی سختی سے مذمت کرتا ہے جو عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کو پامال کرے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال غزہ میں جاری  تنازع کے اثرات کو ظاہر کررہی ہے چین نے "مستقل جنگ بندی اور فوجیوں کے جامع انخلا" کو عمل شکل دینے اور "دو ریاستی حل" کا مؤثر نفاذ یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

وانگ نے امید ظاہر کی کہ لبنان میں چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔

ملاقات کے دوران لبنانی وزیرخارجہ بو حبیب نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی مواقع پر لبنان کے حق میں آواز اٹھانے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

بو حبیب نے کہا کہ لبنان جیسے چھوٹے ملک کے لئے اقوام متحدہ کے فریم ورک میں خودمختاری اور آزادی برقرار رکھنا ضروری ہے۔