اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ نوول کرونا وائرس کی عالمی وباء اور غیر مساوی بحالی نے دنیا کو 3 سال کی ترقیاتی پیشرفت کا نقصان پہنچایا ہے۔
گروپ آف 77 اینڈ چائنہ کے وزرائے خارجہ امور کے 46 ویں سالانہ اجلاس کے موقع سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانا اعلیٰ سطحی ہفتہ کے دوران میری توجہ کا مرکز رہا ہے جب عالمی برادری کو درپیش اہم چیلنجوں کے حل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے دنیا بھر کے رہنماء نیویارک میں اکٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یوکرائن کے بحران نے سپلائی چینز، توانائی اور خوراک کی منڈیوں میں مزید ہنگامہ آرائی کا اضافہ کیا ہے جس سے دنیا بھر کے 1 ارب 70 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں اور انسانی زندگی کیلئے ایک بے مثال بحران پیدا ہوا ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پائیدارترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے حکومتوں کو اپنے لوگوں اور ان کی مدد کرنے والے نظاموں صحت، تعلیم، سماجی تحفظ، رہائش اور فلاحی کاموں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔