لندن(شِنہوا) برطانیہ کے ایک معروف طبی ماہر نے عالمی برادری سے کوویڈ-19 کی وبا سے سبق حاصل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس برسوں تک گردش کرتا رہے گا اور یہ کہ اس کے کیسزختم نہیں ہوں گے۔
برطانیہ میں ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی کے نارویچ میڈیکل اسکول میں میڈیسن کے پروفیسر پال ہنٹر نے شِنہوا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ کوویڈ-19 کا خاتمہ نظر نہیں آ رہا ہے اور یہ ایک ایسی وبا ہے جو ہمیشہ ہمارے ساتھ رہےگی۔
2021 کے اوائل میں جریدے نیچر کے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے مائکرو بیالوجی اور متعدی امراض کے ماہر ہنٹر کے مطابق کوویڈ-19 کے خاتمے کا مطلب وائرس کا خاتمہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ 2020 کے موسم گرما سے واضح ہوگیا تھا کہ یہ ایک ایسا وائرس ہے جو ہمیشہ کے لیے ہمارے ساتھ رہے گا۔سروے میں 100 سے زیادہ امیونولوجسٹ، متعدی امراض کے محققین اور کورونا وائرس پر کام کرنے والے وائرولوجسٹ سے کوویڈ-19 کے خاتمے سے متعلق پوچھا گیا تھا۔ اس تحقیق سے پتہ چلا تھا کہ سروے میں شامل تقریباً 90 فیصد جواب دہندگان کا خیال تھا کہ کورونا وائرس وبائی شکل اختیار کر لے گا، جس کا مطلب ہے کہ یہ آنے والے برسوں تک دنیا کی آبادی میں گردش کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک، وبا کا خاتمہ وہ نقطہ ہے جہاں وائرس معاشرے اور حفظان صحت کی خدمات کے لیے بڑی پریشانیوں کا باعث نہیں بنتا۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ وائرس ختم ہو جاتا ہے کیونکہ وائرس کبھی ختم نہیں ہوتا اور یقیناً یہ ہمارے آس پاس کے لوگوں کی زندگیوں میں رہتا ہے۔