بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 20ویں قومی کانگریس میں اہم مقاصد اور اقدامات کے بارے میں ایک رپورٹ پیش ہوئی ہے۔
اتوار کو شروع ہونے والی قومی کانگریس میں پیش کی گئی اس رپورٹ میں آ ئندہ 5 برسوں کے لیے اہم مقاصد اور اقدامات کی رونمائی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ معیار کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں پیش رفت کی جائے گی، سائنس اور ٹیکنالوجی میں زیادہ خود انحصاری اور استحکام کا حصول یقینی بنایا جائے گا اور ترقی کا ایک نیا خاکہ بنانے اور جدید معیشت کی تعمیر میں اہم پیشرفت کی جائے گی ۔
رپورٹ کے مطابق اہم مقاصد میں اصلاحات اور کھلے پن میں نئی پیش رفت کرنا ، چین کے نظام اورحکمرانی کی استعداد کو جدید بنانے میں مزید پیش رفت کرنا ، سوشلسٹ مارکیٹ کی معیشت کو مزید بہتر بنانا اور اعلیٰ معیار کی کھلی معیشت کے لیے نئے نظام وضع کرنا شامل ہے۔
مزید برآں کہا گیا ہے کہ مکمل عوامی جمہوریت کے اداروں، معیارات اور طریقہ کار کو مزید فروغ دیا جائے گا اور چینی خصوصیات کے حامل سوشلسٹ قانون کی حکمرانی کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اپنے عوام کی فکری اور ثقافتی زندگیوں کو تقویت بخشی جائے گی، چینی قوم کی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا اورچینی ثقافت کی دلکشی کو بڑھایا جائے گا۔
اہم مقاصد اور اقدامات بارے رپورٹ کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ بنیادی طور پر ذاتی آمدنی معاشی نمو کے ساتھ بڑھےاور پیداواری صلاحیت میں اضافے کے ساتھ تنخواہوں میں اضافہ ہو۔ بنیادی عوامی خدمات تک زیادہ مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے اور ایک بہتر کثیر سطح پر مبنی سماجی تحفظ کا نظام تیار کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق شہری اور دیہی زندگی کے ماحول کو خاطر خوا ہ حد تک بہتر بنایا جائے گا اور ایک خوبصورت چین کی تعمیر میں قابل ذکر پیش رفت کی جائے گی ۔
رپورٹ میں قومی سلامتی کو مزید مستحکم کرنا، سال 2027 میں پیپلز لبریشن آرمی کی صد سالہ تقریب کےاہداف کو مکمل کرنا اور پرامن چین کی تعمیر میں ٹھوس پیش رفت اہم مقاصد قرار پائے ہیں ۔
علاوہ ازیں چین کی بین الاقوامی حیثیت اور اثر ورسوخ میں مزید اضافہ کرنا اور چین کو عالمی انتظام میں زیادہ کردار ادا کرنے کے قابل بنا نا اہم مقاصد میں سے ایک ہے۔