پنوم پنہ(شِنہوا) کمبوڈیا کے ٹور اور ٹریول آپریٹرز کے نمائندے نے کہا ہے کہ اس مملکت نے نوول کرونا وائرس عالمی وبائی مرض کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد چینی سیاحوں کے پہلے گروپ ٹور کا خیرمقدم کیا ہے۔کمبوڈیا کی ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کی صدر چھائے سیولین نے کہا ہے کہ تقریبا 140 چینی سیاحوں کے ایک ٹور گروپ کو لے کر ایک پرواز چین کے جنوبی شہر شینزن سے پنوم پنہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری ۔ کمبوڈیا کے سیاحتی حکام اور ٹور آپریٹرز نے ان چینی سیاحوں کا پرتپاک استقبال کیا۔انہوں نے ٹیلی فون کے ذریعے شِنہوا کو بتایا کہ وزارت سیاحت کے سیکرٹری آف سٹیٹ ہور سارون اور میں نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا اور انہیں گلاب، کلائی کے گجرے اورروایتی اسکارف پیش کیے۔سیولین نے کہا کہ یہ سیاح پانچ روزہ ٹور پروگرام کے دوران دارالحکومت پنوم پنہ ، ثقافتی صوبے سیئم ریپ اور ساحلی صوبے پریہ سیہانوک کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج ایک گروپ ٹور میں چینی سیاحوں کے پہلیگروپ کا استقبال کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کرر ہے ہیں ۔
ہماری سیاحت کی صنعت کی بحالی میں مدد کے لیے ان کی واپسی بہت اہم ہے۔عالمی وبا سے قبل دنیا کی سب سے بڑی بیرونی سیاحتی منڈیوں میں سے ایک ملک چین کی جانب سے بیرون ملک جانے والے گروپ ٹورز کے دوبارہ آغاز کے بعد چینی سیاحوں کی آمد ہوئی ہے۔چین نے پیر سیکمبوڈیا، تھائی لینڈ، مالدیپ، متحدہ عرب امارات، روس اور نیوزی لینڈ سمیت 20 ملکوں کے بیرون ملک جانے والے گروپ ٹورز کا دوبارہ آغاز کیا۔وزارت سیاحت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین عالمی وبائی مرض سے قبل کمبوڈیا کے لیے غیر ملکی سیاحوں کا سب سے بڑا ذریعہ تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں 2019 کے دوران 23 لاکھ 60 ہزارچینی سیاح آئے تھے جس سے آمدنی کی مد میں تقریبا 1.8 ارب امریکی ڈالر کمائی حاصل ہوئی تھی۔