سیم ریپ (شِنہوا) کمبوڈیا اور چین کے عوام میں دوستی کی جڑیں مزید گہری کرنے کے لئے کمبوڈیا-چین عوامی تبادلہ سال 2024 کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔
اس موقع پر ایک افتتاحی تقریب ہوئی جس کا انعقاد یونیسکو کی فہرست میں شامل انگ کور آثار قدیمہ میں ٹیرس آف ایلیفنٹ پر کیا گیا تھا ۔ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہنے والی یہ تقریب سرکاری ٹی وی سے براہ راست نشر کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں تقاریر، کمبوڈیا۔ چین تعلقات پر ایک ویڈیو کلپ اور فن کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔
کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیٹ نے کمبوڈیا۔ چین عوامی تبادلہ سال 2024 کے موقع پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک اور عوام کے درمیان تعلقات کا آغاز ہوچکا ہے اور اس کی جڑیں کم از کم دو ہزار برس طویل تاریخ میں پیوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے 19 جولائی 1958 کو کمبوڈیا کے بادشاہ فادر نوردوم سیہانوک اور گزشتہ نسل کے چینی رہنماؤں کی قیادت میں سفارتی تعلقات قائم کئے تھے اور یہ تعلقات 2010 میں تعاون کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھ گئے تھے اور اب یہ "ڈائمنڈ ہیکساگون تعاون" میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم ہون مانیٹ نے امید ظاہر کی کہ کمبوڈیا- چین عوامی تبادلہ سال 2024 کمبوڈیا میں مزید چینی سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا ایک نیا بہترین موقع فراہم کرے گا اور دونوں ممالک اور عوام کے درمیان یکجہتی، دوستی اور ڈائمنڈ تعاون کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس سے دونوں ممالک کے نوجوانوں اور اگلی نسل کے رہنماؤں کے درمیان سیاحت اور تبادلوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی تاکہ مشترکہ مستقبل کے ساتھ کمبوڈیا- چین معاشرہ قائم کیا جاسکے۔