اوٹاوا(شِنہوا)کینیڈا نے اپنے صوبے برٹش کولمبیا میں گزشتہ جون میں کینیڈا کے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں ایک اعلیٰ بھارتی سفارت کار کو ملک بدر کر دیا ہے۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانے جولی نےکہا کہ بھارتی سفارت کار کے خلاف الزامات انتہائی سنگین ہیں اور اگر یہ الزامات ثابت ہو گئے تو یہ کینیڈا کی خودمختاری کی بہت بڑی خلاف ورزی ہو گی۔
جولی نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر یہ سچ ثابت ہوا تو یہ ہماری خودمختاری اورممالک کے ایک دوسرے کے ساتھ برتاؤ کےبنیادی اصول کی خلاف ورزی ہو گی جبکہ اس معاملے پر ہم نے ایک اعلیٰ بھارتی سفارت کار کو ملک بدر کر دیا ہے۔
جولی نے امید ظاہر کی کہ بھارت اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں کینیڈا کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وہ پیر کو نیویارک میں جی 7 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اس معاملے کو اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
دریں اثنا کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ادارے اس وقت ممتاز کینیڈین سکھ رہنما کے قتل میں بھارتی حکومت کے ایجنٹس کے ملوث ہونے کےٹھوس الزامات کی تحقیقات کررہے ہیں۔