اوٹاوا(شِنہوا)کینیڈا کی وزیر دفاع انیتا آنند نے یوکرین کو اضافی فوجی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
آنند نے وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک نیوز ریلیز میں کہا کہ کینیڈا یوکرین میں اس وقت موجود فضائی دفاعی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے 155 ایم ایم گولہ بارود کے تقریباً8 ہزار راؤنڈز کے ساتھ ساتھ کینیڈین آرمڈ فورسز (سی اے ایف) کی انوینٹری سے حاصل کردہ 12 فضائی دفاعی میزائل عطیہ کرے گا۔
آنند نے کہا کہ ڈنمارک، جرمنی اور نیدرلینڈز کی طرف سے اعلان کردہ لیپرڈ 1 ٹینک کے عطیہ کی حمایت کے لیے کینیڈا 105 ایم ایم ٹینک ٹریننگ گولہ بارود کے 18 سو سے زیادہ راؤنڈ بھی عطیہ کرے گا۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سی اے ایف نے فروری کے آخر میں کینیڈا کی طرف سے فراہم کردہ اضافی لیوپارڈ 2 مین جنگی ٹینکوں کی ترسیل شروع کر دی ہے۔
کینیڈا نے مجموعی طور پر آٹھ لیوپارڈ 2 مین جنگی ٹینک یوکرین کو بھیجے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام آٹھ ٹینک اور پہلے اعلان کردہ بکتر بند ریکوری وہیکل، ذیلی سازوسامان اور کینیڈا کی طرف سے عطیہ کردہ گولہ بارود آنے والے ہفتوں میں یوکرین کو ملنے کی امید ہے۔