اوٹاوا(شِنہوا)کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے توقع ظاہر کی ہے کہ ان کا ملک 2032 تک نیٹو کے جی ڈی پی اخراجات کے 2 فیصد ہدف تک پہنچ جائے گا۔
امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سربراہ اجلاس کے اختتام پر ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا اپنی دفاعی پالیسی کی مسلسل نظرثانی کے عزم پربھی قائم ہے جس میں 2028 میں نئی دفاعی پالیسی اپ ڈیٹ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس عمل کے ذریعے ہم کینیڈا کے تحفظ کیلئے دفاعی اخراجات کو مزید بڑھانے کے مواقعے تلاش کرنا جاری رکھیں گے اور اپنے سٹرٹیجک مفادات کو آگے بڑھائیں گے۔ وزیر اعظم نے برف کے نیچے چلنے کی صلاحیت رکھنے والی 12 روایتی طاقت ور آبدوزوں کی خریداری کی طرف پہلے قدم کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی طویل ترین ساحلی پٹی رکھنے کے تناظر میں زیر آب نگرانی کی صلاحیت کینیڈا کی قومی سلامتی کیلئے اہم ہے۔
کینیڈا نے جرمنی اور ناروے کے ساتھ ایک سہ فریقی خط پر بھی دستخط کیے ہیں جس کا مقصد شمالی بحر اوقیانوس میں نیٹو کی ڈیٹرنس اور دفاع کی حمایت میں میری ٹائم سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
کانفرنس کے موقع پر ٹروڈو نے امریکہ اور فن لینڈ کے ساتھ سہ فریقی شراکت داری میں اضافے کا اعلان کیا جسے آئس بریکر تعاون کوشش (آئی سی ای معاہدہ) کا نام دیا گیا۔ یہ نئی شراکت داری بہترین قطبی سفرکے قابل بحری جہاز تیار کرنے کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گی۔