اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کیمرون کے سابق وزیر اعظم فلیمون یانگ کو جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کا صدر منتخب کر لیا۔
10 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے آغاز پر یانگ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے صدر ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے ڈینس فرانسس کی جگہ لیں گے۔
اپنے انتخاب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یانگ نے کہا کہ ہمیں اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر امن کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ جنگ نہ ہو، اتحاد کے جذبے سے آفات کو روکا جائے۔ آئیے ہم پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی، فطرت کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے کام کریں اور ایک ایسا ماحول بنائیں جہاں وافر وسائل ہوں ،جو اعتدال اور حکمت کے ساتھ استعمال کیے جائیں۔ اصلاحی اور عبوری اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ موجودہ اور آنے والی نسلیں اس سے مستفید ہوتی رہیں، تمام ممالک میں ہر جگہ اور سب کے لیے انسانی وقار کو فروغ دینا، زیادہ آزادی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
نومنتخب صدر نے بین الاقوامی برادری سے کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ اقوام متحدہ کے اصولوں اور چارٹر کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پوری مدت کے دوران اس جذبے کی پیروی کا عہد کرتا ہوں اور میں نے جو حلف اٹھائے ہیں ان کی پاسداری کرتے ہوئے خود کو تمام رکن ممالک اور دیگر شراکت داروں کے لیے مکمل طور پر دستیاب کرتا ہوں۔