قبرص پاسپورٹ سکینڈل میں پارلیمنٹ کے سابق صدرسمیت4افراد کے خلاف مقدمے کی کارروائی شروعتازترین
September 13, 2022
نیکوسیا(شِنہوا) قبرص کی پارلیمنٹ کے سابق صدر ڈیمیٹریس سیلوریس، پارلیمنٹ کے ایک سابق رکن اور دووکلاء کے خلاف "سرمایہ کاری کےذریعے شہریت "پروگرام سے متعلقہ ہائی پروفائل سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں اگلے ماہ مقدمہ چلایا جائے گا۔اس پروگرام کو معطل کردیا گیا ہے۔
پیر کے روزچاروں ملزمان نکوسیا میں تین رکنی عدالت کے سامنے پیش ہوئے،جنہیں ملک کو دھوکہ دینے کی سازش اور بدعنوانی کے خلاف کونسل آف یورپ کے بین الاقوامی کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک سرکاری عہدیدارپراثرانداز ہونے سمیت پانچ الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ الزامات اگست 2020 میں الجزیرہ نیٹ ورک کی جانب سے نشر ایک خفیہ رپورٹ سے متعلق ہیں، جس میں مشتبہ افراد کو اپنے ملک میں مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے مبینہ غیر ملکی سرمایہ کار کے لیے قبرص کا پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے حکام کو دھوکہ دینے کے طریقوں پر بات کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔