جوبا(شِنہوا) جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ مشن(یو این ایم آئی ایس ایس) نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان میں فرقہ وارانہ تنازعہ پر تشدد لہروں کو جنم دے رہا ہے، مشن نے متنبہ کیا کہ اس سے ممکنہ طور پر جنوبی سوڈان میں پائیدار امن کیلئے حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
سیکرٹری جنرل کے جنوبی سوڈان میں نمائندہ خصوصی نکولس ہیسم نے بتایا کہ اپرنیل اور جونقلی ریاستوں کے کچھ حصوں میں حریف دھڑوں کے درمیان لڑائی کے باعث اپرنیل ریاست کے دارالحکومت ملاکال ٹاؤن میں اقوام متحدہ کے اڈوں میں پناہ لینے کیلئے شہریوں نے بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی ہے۔
نکولس ہیسم نے جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا میں صحافیوں کو بتایا کہ سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ / آرمی ۔ان ۔ اپوزیشن (ایس پی ایل ایم ۔ آئی او) کی فورسز اور کٹگوانگ اور اگولیک کے دھڑوں کے مابین لڑائی کی وجہ سے اپرنیل سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو کر جونقلی ، متحدہ ریاستوں اور سوڈان کے کچھ حصے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے ہیں اور انہوں نے مالاکال پروٹیکشن آف سویلینز کی سائٹ پر پناہ لی ہوئی ہے۔