کینبرا( شِنہوا) آسٹریلیا میں چین کے سفیر شیاو چھیان نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روایتی اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور مصنوعات اور خدمات کی ماحول دوست منتقلی میں مزید امکانات تلاش کرنے کی تجویز دی ہے۔
شیاو نے ان خیالات کا اظہارمیلبورن میں " دوطرفہ تعلقات کی مستقل ترقی کے فروغ کے لیے چین-آسٹریلیا اقتصادی وتجارتی تعاون کی بنیاد کو مستحکم کرنے" کے عنوان سے منعقدہ آسٹریلیا-چین اقتصادی تعاون فورم 2024 سے اپنے خطاب میں کیا۔
چینی سفیر نے کہاکہ دونوں ممالک کے اقتصادی ڈھانچے ایک دوسرے کے لیے انتہائی فائدہ مند اور اقتصادی وتجارتی تعاون کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔دونوں ممالک نے اس سال کے شروع میں وائن کی تجارت کے مسئلہ کو کامیابی سے حل کیا جس کے بعد چین کے لیے آسٹریلوی وائن کی برآمدات میں گزشتہ سال کی نسبت سات گنا اضافہ ہوا ہے۔اوراس وقت آسٹریلیا چین کو وائن فراہم کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقائق سے یہ ثابت ہواہے کہ چین-آسٹریلیا اقتصادی و تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے سے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کو ٹھوس فوائد حاصل ہوں گے، مستحکم اقتصادی ترقی کو موثر فروغ ملے گا جس سے دونوں ممالک کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روایتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی تجویز دی۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں زراعت، توانائی، کان کنی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مسلسل ترقی ہوئی اور سیاحت، تعلیم اور دیگر خدماتی صنعتوں میں بھرپور تعاون کیاجارہا ہے، جو چین-آسٹریلیا تعلقات کی مستحکم ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔